نیوریارک(سچ خبریں)سوشل نیٹ ورکنگ سروس انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے کہا ہے کہ 13 برس سے کم عمر بچوں کے لیے مقبول ایپ کے نئی ورژن کی تیاری پر کام جاری ہے، انسٹاگرام کی موجودہ پالیسی 12 برس سے کم عمر بچوں کو یہ پلیٹ فارم استعمال کرنے سے روکتی ہے، تاہم اب اسے بچوں کے لیے بھی قابل استعمال بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔
بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق فیس بک کی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے تصدیق کی ہے کہ 13 برس سے کم عمر بچوں کے لیے مقبول ایپ کے نئی ورژن کی تیاری پر کام جاری ہے۔ایڈم موسیری کا کہنا ہے کہ فیس بک کی زیر ملکیت کمپنی یہ جانتی ہے کہ بہت سے بچے انسٹاگرام استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ابھی تک تفصیلی منصوبہ بندی نہیں کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ اس کا ایک حل یہ ہے کہ نوجوان افراد یا بچوں کے لیے انسٹاگرام کا ایک نیا ورژن تیار کیا جائے جہاں والدین کے پاس ٹرانسپیرنسی یا کنٹرول ہو۔خیال رہے کہ انسٹاگرام کی موجودہ پالیسی 12 برس سے کم عمر بچوں کو پلیٹ فارم کے استعمال سے روکتی ہے۔
فیس بک کے ترجمان جو اوسبورن کا کہنا ہے کہ بچوں کی بڑی تعداد اپنے والدین سے پوچھ رہی ہے کہ کیا وہ اپنے دوستوں سے رابطے میں رہنے کے لیے ایپس جوائن کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم انسٹاگرام میں پیرنٹ کنٹرولڈ تجربہ لانے پر کام کررہے ہیں تاکہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ رہ سکیں، انہیں نئی مشغلے اور دلچسپیاں ڈھونڈنے میں مدد مل سکے۔