لاہور: (سچ خبریں) سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس زمان پارک لاہور پہنچ گئی جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے زمان پارک میں موجود کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں زندگی میں کسی انسان کے سامنے جھکا نہ آپ کو جھکنے دوں گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے تمام پارٹی کارکنوں سے لاہور کے زمان پارک پہنچنے کی اپیل کی جب کہ ٹیلی ویژن رپورٹس میں کہا گیا کہ توشہ خانہ کیس میں عدالتی سماعت سے مسلسل غیر حاضری پر سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جس طرح سے کارکنوں اور رہنماؤں نے جیل بھرو تحریک کے دوران شرکت کی، جو جوش و جذبہ دیکھا، وہ میں نے اپنی زندگی میں نہیں دیکھا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج میں ہجوم کو قوم بنتے دیکھ رہا ہوں، میں زندگی میں کسی انسان کے سامنے جھکا نہ آپ کو جھکنے دوں گا، غلام قوم کوئی بڑا کام نہیں کرسکتی، صرف آزاد قوم ترقی کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت ڈوب گئی ہے، غریب مہنگائی میں پس گیا ہے، جن لوگوں نے اس پر مسلط ہو کر اس کو تباہ کیا، ان کے پیسے باہر پڑے ہیں، ملک کیوں دنیا کے سامنے ذلیل ہو رہا ہے، کرائم منسٹر پیسے مانگ رہا ہے اور لوگ اس کو ٹھکرا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ملک کو ذلیل کیوں کیا جا رہا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ شہباز شریف کو کرپشن کیسز میں سزا ہونے لگی تھی کہ قمر باجوہ نے اس کو وزیراعظم بنا دیا۔
عمران خان نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے بارے میں فیصل آباد میں کسی سے بھی پوچھ لیں اس سے بڑا کوئی بدمعاش نہیں ہے، ان کا اپنا وزیر کہتا ہے کہ اس نے 18 قتل کیے ہیں لیکن لوگ کہتے ہیں اس سے بہت زیادہ قتل کیے ہیں اس نے، زمینوں پر قبضہ کرنے والے اور قاتل کو وزیر داخلہ بنادیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری جو کہ پیچھے سے بیٹھ کہ یہ کھیل کھیل رہا ہے وہ دنیا میں مانا ہوا چور ہے، سندھ میں مخالفین کو قتل کروا دیتا ہے اور مرتضیٰ بھٹو کا خاندان کہتا ہے ان کو بھی آصف زرداری نے قتل کروایا۔
عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری اربوں روپے کی چوری میں پکڑا جارہا تھا جس کو بھی جنرل (ر) باجوہ نے بچایا۔
نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بھگوڑا لندن سے بیٹھ کر کہتا ہے کہ آرمی چیف کون لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب ملک کا فیصلہ کرنے والے ملک کے مجرم بیٹھ جائیں گے تو کیا ملک کا دیوالیہ نہیں نکلے گا، مزید کہا کہ آج ساری دنیا میں پاکستان بھکاریوں کی طرح قرضے مانگ رہا ہے مگر کوئی نہیں دے رہا کیونکہ ساری دنیا کو پتا ہے کہ جو اوپر بیٹھے ہیں وہ چور ہیں جن کے باہر پیسے رکھے ہیں۔
قبل ازیں اسلام آباد پولیس نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا کہ عدالتی احکامات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کےلیے اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پہنچی ہے، لاہور پولیس کے تعاون سے تمام کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔
ٹوئٹر پر جاری کیپیٹل پولیس اسلام آباد نے کہا کہ عدالتی احکامات کی تکمیل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسلام آباد پولیس نے کہا کہ عمران خان گرفتاری سے گریزاں ہیں، ایس پی اسلام آباد پولیس کمرے میں گئے ہیں مگر وہاں عمران خان موجود نہیں، ٹیم عمران خان کی گرفتاری کےلیے پہنچی ہے۔