مقبوضہ بیت المقدس (سچ خبریں) 8 ذی الحج کو یہودی آبادکاروں کی جانب سے قبلہ اول میں اشتعال انگیزی کا اعلان کیا گیا ہے جس کو دیکھتے ہوئے فلسطین کی اسلامی تحریک نے اہم بیان جاری کرتے ہوئے فلسطینی مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قبلہ اول میں جمع ہوکر یہودی آبادکاروں کی اس سازش کو ناکام بنائین۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین کی اسلامی تحریک نے فلسطینی مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ 8 ذی الحج کو یہودی آبادکاروں کے قبلہ اول پردھاووں کو ناکام بنانے کے لیے مسجد اقصیٰ میں جمع ہوں اور مقدس مقام میں اس روز اجتماعی اعتکاف کریں۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسلامی تحریک کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 8 ذی الحج کو مسلمان عید الاضحیٰ کی تیاریاں کررہے ہوں اور مکہ مکرمہ میں فریضہ حج ادا کیا جا رہا ہوگا، ایسے میں یہودی آبادکاروں اور انتہا پسند صہیونیوں نے مزعومہ ہیکل سلیمانی کی مسماری کی یاد میں مسجد اقصیٰ میں جمع ہو کر تلمودی تعلیمات کے مطابق اشتعال انگیزی کا اعلان کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بیت المقدس کے فلسطینی مکانات مسماری اور املاک پر قبضے کے اسرائیلی حکام اور عدالتوں کے فیصلوں کو مسترد کردیں اور جبری ہجرت، مکانات کی مسماری اور املاک پر قبضے کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔
فلسطین کی اسلامی تحریک نے بیت المقدس کے ان فلسطینیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کا مطالبہ کیا جنہیں قابض صہیونی ریاست کی طرف سے ان کے گھروں سے محروم کرنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں، ان مقامات میں الشیخ جراح، بطن الھویٰ، البستان اور وادی یاصول شامل ہیں جہاں کے باشندوں پر صہیونی حکام نے عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے۔
اسلامی تحریک نے شہدا کے اہل خانہ اور اسرائیلی جارحیت میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں اور ان کے اہل خانہ کو عیدالاضحیٰ کے موقعے پر یاد رکھنے اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کی اپیل کی ہے۔