سرینگر (سچ خبریں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے ناجائز قبضے کے خلاف پوسٹر چسپاں کیئے گئے جن میں بھارت کو کشمیر چھوڑنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر ینگ مینز لیگ نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے اور شراب کے لائسنسوں کے اجرا کی مذمت کیلئے وادی کشمیر میں ایک پوسٹر مہم کا آغاز کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی قابض فورسز کی بڑی تعداد میں تعیناتی کے باوجود پلوامہ، سرینگر اور گاندربل کے مختلف علاقوں میں پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں۔
ادھر ینگ مینز لیگ کے وائس چیئرمین زاہد اشرف نے ایک بیان میں شراب کی دکانیں کھولنے کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر قابض بھارتی حکام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت ایک مذموم منصوبے کے تحت کشمیری نوجوانوں کو جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکنے کے لئے انہیں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہاہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کبھی بھی بھارت کو اسلامی ثقافت مسخ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی اور قتل و غارت کا سلسلہ فوری طورپر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔