اسلام آباد (سچ خبریں) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی سینئر رہنما بیگم نسیم ولی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے انہوں مرحومہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان میں جمہوریت کیلئے انکی جدوجہد کے باعث انہیں یاد کیا جاتا رہے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرعوامی نیشنل پارٹی کی سینئر رہنما بیگم نسیم ولی کے انتقال پراظہارِ افسوس کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’میری دعائیں اور ہمدردیاں بیگم نسیم ولی کے اہلِ خانہ کےساتھ ہیں۔‘
وزیراعظم نے بیگم نسیم ولی کی ملک کے لیے سیاسی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان میں جمہوریت کیلئے انکی جدوجہد کے باعث انہیں یاد کیا جاتا رہے گا۔‘
واضح رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے بانی صدرمرحوم خان عبدالولی خان کی بیوہ اور پارٹی کی سابق صوبائی صدر، بزرگ خاتون سیاستدان بیگم نسیم ولی خان طویل علالت کے بعد اتوار کی صبح انتقال کرگئی تھیں،انہیں شوگر اور قلب کا عارضہ لاحق تھا مرحومہ کو ولی باغ چارسدہ میں عبدالولی خان اور بیٹے سنگین ولی خان کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیاہے۔
صدر عار ف علو ی ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، شاہ محمود قریشی ،سابق افغان صدر حامد کرزئی اور دیگر بڑی سیاسی شخصیات نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات اور اہلخانہ کو صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔