سچ خبریں:امریکی محکمہ خزانہ نے کیوبا کے ایک عہدیدار اور ادارے کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔
اسپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ واشنگٹن نے کیوبا کی انقلابی مسلح افواج کے وزیر (وزیردفاع) کے ساتھ ساتھ اس ملک کی وزارت داخلہ کی خصوصی بریگیڈ پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کی آفیشل ویب سائٹ پر فراہم کردہ معلومات کے مطابق کیوبا کی انقلابی مسلح افواج کے وزیر الوارو لوز میئرا اور ان کی وزارت داخلہ کی خصوصی بریگیڈ کو میگنیٹسکی دستاویز کے نام سے جانے جانے والے ایک قانون کے تحت پابندیاں عائد ی گئی ہیں جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے بعد میں ایک بیان میں دعوی کیا کہ کیوبا کے خلاف واشنگٹن کی نئی پابندیاں صرف ان اقدامات کے سلسلے کی ابتدا ہیں جو امریکی حکومت کیوبا کے عوام پر جبر میں ملوث اس ملک کے عہدہ داروں اور اداروں کے خلاف اٹھانا چاہتی ہے۔
بائیڈن نے اس سلسلے میں دعوی کیا کہ آج میری حکومت کیوبا کی حکومت کے ان عناصر پر نئی پابندیاں عائد کررہی ہےجو اس ملک کی فوج کے کمانڈر اور وزارت داخلہ میں موجود ہیں اورعوام کے خلاف کریک ڈاؤن کی قیادت کررہے ہیں تاکہ وہ اپنے اقدامات کا جوابدہ ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ابھی آغاز ہے کیوبا کے عوام پر ظلم کرنے والوں پر امریکہ پابندیاں عائد کرتا رہے گا،واضح رہے کہ مبینہ طور پرکیوبا میں ہونے والے حالیہ مظاہروں کو دبانے پر کیوبا کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بائیڈن حکومت نے ہوانا کو کیوبا کے متعدد عہدیداروں کے خلاف پابندیوں کی دھمکی دی ہے۔