سچ خبریں:برطانیہ کے وزیر خارجہ نے بغیر کوئی ثبوت پیش کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف یمنی فوج کے حملوں میں ایران کا ہاتھ ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے اتوار کی شب ایک ٹویٹ میں ایران پر یہ الزام لگایا ایران سعودی عرب کے خلاف حملوں میں یمنی فورسز کی مدد کر رہا ہے،برطانوی وزیر خارجہ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ برطانیہ سعودی عرب پر ہونے والے بیلسٹک میزائل حملوں کی مذمت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ کہ ڈامینک راب نے اپنے ٹویٹ میں گزشتہ سات برسوں سے یمن کے خلاف جاری سعودی جارحیت کی جانب کوئی اشارہ نہیں کیا کہ جس میں اب تک براہ راست طور پر دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں جبکہ جنگ کے باعث پیدا ہونے والی المناک صورتحال کے باعث لاکھوں یمنی باشندے اپنی جان گنوا چکے ہیں نیز لاکھوں دیگر یمنی باشندوں کی زندگیاں خطرے میں پڑی ہوئی ہیں جن میں ایک بڑی تعداد بیماروں اور بچوں کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ برطانیہ کا شمار یمن کے خلاف مصروف جارحیت ممالک کے اصل حامیوں میں ہوتا ہے جو مستقل بنیادوں پر جارح سعودی اتحاد کو اسلحہ فروخت کرتا رہا ہے،خیال رہے کہ جارح سعودی اتحاد کے ترجمان نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب یہ اعلان کیا تھا کہ یمنی فورسز نے چند بیلسٹک میزائلوں سے سعودی عرب کے جنوبی اور مشرقی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے مغربی ممالک کی حمایت کے ساتھ پچھلے چھ سال سے یمن کے خلاف جارحیت شروع کر رکھی ہے جس سے یہ ملک تقریبا مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے تاہم عالمی برادری نے اس جارحیت کے خلاف آج تک ایک لفظ بھی نہیں بولا لیکن جب یمنی اپنا دفاع کرنے کے لیے آگے بڑھتے ہیں تو پوری دنیا میں ہاہاکار مچ جاتی ہے۔