کراچی: (سچ خبریں) مقبول اداکارہ ماہرہ خان کی جانب سے اردو زبان اور شاعری کے فیسٹیول جشن ریختہ میں شرکت کے بعد ان کے لباس اور ان کی خوبصورتی کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
ماہرہ خان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں پہلی بار ہونے والے جشن ریختہ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بھارتی فیشن ڈیزائنر مسابہ گپتا کی تیار کردہ دیدہ زیب نارنجی رنگ کی ساڑھی پہنی۔
اداکارہ نے ساڑھی پہننے کی تصاویر اپنے انسٹاگرام پر بھی شیئر کیں جب کہ جشن ریختہ کے انسٹاگرام سے بھی اداکارہ کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئیں، جہاں مداحوں نے ان کی تعریفیں کیں۔
جشن ریختہ کے انسٹاگرام پر ماہرہ خان کی ایک مختصر ویڈیو بھی شیئر کی گئی، جس میں وہ خالص اردو زبان میں بات کرتی دکھائی دیں اور ان کے انداز اور لباس نے مداحوں کے دل جیت لیے۔
مداحوں نے اداکارہ کی ویڈیوز اور تصاویر پر کمنٹس کرتے ہوئے نہ صرف ان کی ساڑھی کو دیدہ زیب قرار دیا بلکہ ان کی خوبصورتی کی بھی تعریفیں کیں۔
مداحوں نے ماہرہ خان کو ماہرہ حسین خان لکھا اور بعض صارفین نے اداکارہ کو ایک خوبصورت نظم بھی قرار دیا۔
بھارتی صارفین نے ماہرہ خان کے لباس اور خوبصورتی کی تعریفیں کرتے ہوئے لکھا کہ بولی وڈ اداکاراؤں کو ان سے سیکھنے کی ضرورت ہے، کیوں کہ وہ پاکستانی اداکارہ نے مکمل لباس پہن کر بھی خود کو عیاں رکھا ہے اور وہ سب سے منفرد دکھائی دے رہی ہیں۔
خواتین مداحوں نے ماہرہ خان کے لباس، ان کے میک اپ اور چوڑیوں کی بھی تعریفیں کیں۔
بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں ماہرہ خان کی ساڑھی کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے مسابہ گپتا کی جانب سے بھارتی 35 ہزار روپے جب کہ پاکستانی ایک لاکھ روپے زائد کی قیمت پر متعارف کرائی گئی ساڑھی پہنی۔