کراچی(سچ خبریں)پاکستان کی سینئر اداکارہ عفت عمر نے اثر و رسوخ استعمال کر کے سوشل میڈیا پر کورونا ویکسین لگوانے پر معذرت کر لی ہے۔اداکارہ عفت عمر نے وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ کے گھر ان کے اہل خانہ کے ہمراہ کورونا کی ویکسین لگوائی تھی۔
عفت عمر اور وفاقی وزیر بشیر چیمہ کے اہل خانہ کی جانب سے گھر پر کورونا ویکسین لگوانے کی ویڈیو گزشتہ ماہ 29 مارچ کو سامنے آئی تھی، جس میں وفاقی وزیر کے اہل خانہ کے 50 سال سے کم عمر افراد کو بھی کورونا ویکسین لگواتےہو ئے دیکھا گیا تھا۔
مذکورہ ویڈیو کو ابتدائی طور پر وفاقی وزیر بشیر چیمہ کے خاندان کے کسی فرد نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا، جہاں سے مذکورہ ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔وفاقی وزیر کے خاندان کے 50 سال سے کم عمر اور 30 سال کی عمر کے افراد کو بھی کورونا ویکسین گھر پر لگائے جانے پر لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ویکسین حاصل کرنے کے لیے ’سیاسی اثر و رسوخ‘ استعمال کرنے کا الزام لگایا تھا۔
ویڈیو میں وفاقی وزیر کے اہل خانہ سمیت عفت عمر کو بھی ویکسین لگوانے کے دوران خوش دیکھا گیا مگر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وفاقی وزیر اور ان کے خاندان کے افراد سمیت عفت عمر نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ٹرائل ویکسین لگوائی۔وفاقی وزیر بشیر چیمہ نے دعویٰ کیا تھا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ٹیمیں آزمائشی ویکسین کا بوسٹر شاٹ لگانے کے لیے ان کے گھر آئیں اور پہلے بھی ان کے گھر ٹیمیں آئی تھیں۔
اداکارہ عفت عمر نے بھی تنقید کے بعد اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں واضح کیا تھا کہ انہیں لگائی جانے والی ویکسین دراصل آزمائشی پروگرام کا حصہ تھی مگر بعد ازاں انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس ڈیلیٹ کردی تھیں۔
وفاقی وزیر کی جانب سے سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرکے گھر پر ویکسین لگوائے جانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد حکومت نے معاملے تفتیش کا اعلان بھی کیا تھا مگر تفتیش مکمل ہونے سے قبل ہی عفت عمر نے ویکسین لگوانے پر معافی مانگ لی۔