سچ خبریں:خبر رساں ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے غزہ کے قلب میں ایران کی پاسداران انقلاب فورس کی قدس فورس کےکمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تصویر لے کر مارچ کیا۔
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے پیر کو اپنے قیام کی 54ویں سالگرہ منائی، خبر رساں ذرائع نے ایک ویڈیو میں بتایا ہے کہ عوامی محاذ کی افواج نے غزہ میں محاذ کی تاسیس کی سالگرہ کے موقع پر ایران کی سپاہ پاسداران کی قدس فورس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تصویر کے ساتھ مارچ کیا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے محاذ کے سیاسی شعبے کے سربراہ ماہر الطاہر نے سپاہ پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے شہید کمانڈر کے قتل کے حوالے سے کہاکہ امریکہ کو اپنے مقاصد کے حصول میں شکست کے بعد کمانڈر قاسم سلیمانی عالمی علامت بن چکے ہیں، انہوں نے مزید کہاکہ شہید سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کے قتل سےقاتلوں کو ان کے مطلوبہ نتائج نہیں ملے۔
خبر رساں ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز عوامی محاذ کے حامیوں اور فلسطینی مزاحمتی گروپوں کے رہنماؤں نے محاذ کے قیام کی سالگرہ کے موقع پر ایک جلوس نکالا، مارچ کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’صیہونیوں کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کا مقابلہ کرنے کے لیے عرب محاذ کی طرف‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔
واضح رہے کہ پیپلز فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کا دوسرا بڑا گروپ ہے، جس کی بنیاد 11 دسمبر 1967 کو جارج حبش کی قیادت میں رکھی گئی تھی، جس کا مقصد فلسطین کو اسرائیلی قبضے سے آزاد کرانا ہے۔