سچ خبریں:غزہ کی پٹی کے شمال اور جنوب میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں کے بعد میڈیا نے صہیونی بستیوں میں خطرے کے سائرن کی آواز اور آئرن ڈوم دفاعی نظام کی طرف سے کم از کم دو راکٹوں کے روکنے کی اطلاع دی۔
نیوز ذرائع نے غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں کے فضائی حملوں کے بعد مقبوضہ علاقوں پر حماس کے راکٹ حملوں اور صہیونی بستیوں میں انتباہی سائرن کی آوازسنائی دیے جانے کی اطلاع دی ہے،تاہم فی الحال یہ معلوم نہیں ہے کہ یہ اقدامات احتیاط کے طور پر کیے گئے ہیں یا غزہ کی پٹی پر نئے اسرائیلی فضائی حملوں پر حماس کے ردعمل کے بعد کیے گئے ہیں۔
یروشلم پوسٹ نے اسرائیلی فوج کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ غزہ کی سرحد پر واقع کیسوفیم اور عین حشلوشا قصبوں میں سائرن بج رہے تھے جبکہ پیر کی صبح 2:25 بجے آئرن ڈوم نے کم از کم دو راکٹوں کو روک لیا۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز حماس کے مزاحمتی گروپوں نے غزہ کی سرحد پر واقع سدیروت قصبے پر کئی راکٹ داغے جس سے کم از کم چھ صہیونی زخمی ہوئے، اس کے بعد صہیونی حکومت کے ذرائع نے پیر کی صبح اعلان کیا کہ اس حکومت کی فوج نے غزہ کی پٹی میں حماس کے اہداف پر فضائی حملہ کیا ہے، فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی کے جنوبی اور شمالی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں نیزرفح کے ارد گرد اسرائیلی طیاروں کے خلاف حماس کیے طیارہ شکن میزائل فائر کرنے کی آواز بھی سنی گئی۔