سچ خبریں:چینی وزیر دفاع نے اپنے امریکی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تائیوان چین کا حصہ ہے اور اسے کوئی تبدیل نہیں کر سکتا۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چین کے وزیر دفاع نے اپنے امریکی ہم منصب سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تائیوان چین کا حصہ ہےجسے کوئی نہیں لے سکتا، رپورٹ کے مطابق چینی وزیر دفاع وی فینگ نے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے ساتھ ایک غیر معمولی فون کال پر بتایا کہ اگر تائیوان کے مسئلے کو مناسب طریقے سے حل نہیں کیا گیا تو اس کا چین امریکہ تعلقات پر تباہ کن اثر پڑے گا۔
درایں اثنا پینٹاگون کے ایک سینئر عہدہ دار کا کہنا تھا کہ آسٹن نے چینی وزیر دفاع کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن کے پیغامات جوہری اور خلائی شعبوں سمیت امریکہ چین اسٹریٹجک مقابلے کے انتظام کی اہمیت کے بارے میں ہیں۔
یاد رہے کہ بیجنگ تائیوان کو چین کا حصہ سمجھتا ہے، اور امریکی اقدام اور تائیوان کو اسلحے کی فروخت کو اس کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور متحد چین پالیسی کے خلاف سمجھتا ہے، واضح رہے کہ امریکی حکومت نے حال ہی میں فوجی بجٹ کے سینکڑوں بلین ڈالر کے ایک بل پر دستخط کیے ہیں، جس کا ایک اہم حصہ چین کا مقابلہ کرنے اور تائیوان کی حمایت کے لیے وقف ہے۔