اسلام آباد (سچ خبریں) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ چیلنجز کے باوجود پاک چین قیادت نے سی پیک کو جاری رکھاہے، سی پیک کےتحت ریلوےکاایم ایل ون سب سے بڑا منصوبہ ہے جبکہ بلوچستان میں بہت سے منصوبے جاری ہیں، سی پیک کےجنوبی زون سے کثیر غیرملکی سرمایہ کاری آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اسد عمر کی زیر صدارت شروع ہوا، جس میں چین کے وائس چیئرمین این ڈی آر سی اوردیگر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شریک یوئے۔
وفاقی وزرا ،وزرائے اعلیٰ ، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم ، پاکستان میں چین کے سفیر ،وزیراعظم کے معاون خصوصی سی پیک نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود پاک چین قیادت نے سی پیک کو جاری رکھاہے، سی پیک کے پہلے مرحلے کی تکمیل اعتماد کا مظہر ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ سی پیک کےجنوبی زون سےکثیرغیرملکی سرمایہ کاری آئے گی ، سی پیک کےتحت ریلوےکاایم ایل ون سب سے بڑا منصوبہ ہے جبکہ بلوچستان میں بہت سے منصوبے جاری ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی ز یادہ آبادی زراعت پر انحصار کرتی ہے، زراعت کے شعبے میں چین پاکستان کے ساتھ تعاون کررہاہے ، سائنس و ٹیکنالوجی میں پاک چین تعاون سے بہت زیادہ توقعات ہیں۔
چینی ورکرز کی سیکیورٹی کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سی پیک پر کام کرنیوالے چینی ورکرز کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، پاکستان میں کام کرنیوالے چینی ورکرز کو بہترین سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔