اسلام آباد (سچ خبریں)سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو بچانےکی کوشش کرنے والے ملک عدنان کے اعزاز میں آج شام وزیراعظم آفس میں خصوصی تقریب ہوگی، جس میں ملک عدنان کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ ملک عدنان نے ہجوم سے سری لنکن شہری کو بچانے کے لیے خود کوڈھال بنائے رکھا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ واقعے میں سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان اسلام آباد میں موجود ہے ، وزیراعظم عمران خان نے خصوصی طور پر ملک عدنان کومدعو کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے ملک عدنان کی ملاقات آج ہوگی جبکہ ملک عدنان کے اعزاز میں آج شام وزیراعظم آفس میں خصوصی تقریب ہوگی ، جس میں ملک عدنان کی سری لنکن شہری کو بچانے کی کاوش پر خراج تحسین پیش جائے گا۔
ملک عدنان کو سرکاری مہمان کی حیثیت سے وزیراعظم ہاوس میں ٹھہرایا گیاہے ، ملک عدنان نے ہجوم سے سری لنکن شہری کو بچانے کے لیے خود کوڈھال بنائے رکھا تھا۔اس سے قبل ملک عدنان کی ویڈیو وزیراعظم تک پہنچی تووزیر اعظم نے تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ سانحے کی تحقیقات کے مطابق ایک سو چوبیس زیرحراست افراد میں سے چھبیس ملزمان کا مرکزی کردار سامنے آیا ہے جبکہ زیر حراست افراد میں سے اشتعال پھیلانے اور تشدد میں ملوث افراد کی نشاندہی کرنے کا عمل جاری ہے۔