لاہور (سچ خبریں) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وائرس سے بچاؤ کے لیےویکسین ہی مؤثر ذریعہ ہے انہوں نے جدید وائرس اومی کرون کے خطرہ کے پیش نظر آج سے 12روزہ ویکسی نیشن کی خصوصی مہم ریچ ایوری ڈور مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے کورونا ویکسی نیشن مہم میں ایک کروڑ 30لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کرتے ہوئے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔وزیراعلیٰ آفس میں نمایاں کارکردگی پر افسروں اور عملے کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آج سے ریچ ایوری ڈور مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان کیا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 2کروڑسےزائدشہریو ں کوویکسین لگائی جائےگی اور دوسرامرحلہ 31 دسمبر تک جاری رہے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کورونا پوری دنیا کے لیےچیلنج بن چکا ہے ، اب اومی کرون نامی وائرس دنیا بھر کے لیےخطرہ بن کر سامنے آیاہے، وائرس سے بچاؤ کے لیےویکسین ہی مؤثر ذریعہ ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ زیادہ سے زیادہ افراد کی ویکسی کے لیےحکومت سرگرم عمل ہے، اللہ کے فضل سے ویکسی نیشن میں پنجاب تمام صوبوں میں سرفہرست ہے، مشکل حالات کے باوجود سب نے ٹیم ورک کامظاہرہ کیا۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل وکرم سے پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس نہیں ، ڈینگی پر قابو پانے کے لیےاقدامات بھی نتیجہ خیز ثابت ہورہے ہیں۔