اسلام آباد(سچ خبریں) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے رہنما نذیر چوہان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات میں بے شمار گلے شکوے ہوئے، دیکھیں گے کہ ان کا وعدہ کہاں تک وفا ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہماری جماعت ہے، عمران خان کل بھی ہمارے لیڈر تھے، آج بھی ہیں۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ کے ارکان نے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس لاہور میں ملاقات کی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے جہانگیر ترین گروپ کے رہنماؤں میں سعید اکبر نوانی، اجمل چیمہ، نعمان لنگڑیال، زوار وڑائچ، نذیر چوہان، عمر آفتاب اور عون چوہدری شامل ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
نذیر چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہماری جماعت ہے، عمران خان کل بھی ہمارے لیڈر تھے، آج بھی ہیں۔
سعید اکبر نوانی کا کہنا تھا کہ ہم ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے، عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد ہے، وہ ہمارے وزیرِ اعلیٰ ہیں، ان کے پاس اپنے مسائل کے حل کے لیے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ حقیقت ہے، پہلے بھی کہا تھا کہ افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، ناجائز کسی کو رعایت دینا عمران خان کی فطرت میں نہیں ہے۔
سعید نوانی نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں ہم نے کھل کر بات کی، بجٹ بھی ڈسکس کیا، وفد کے کسی رکن نے ذاتی مسائل پر بات نہیں کی، ہم حکومت کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عدالت کا جو بھی فیصلہ آئے گا ہمیں اعتراض نہیں، ہم صرف اتنا چاہتے ہیں کہ معاملے کی شفاف انکوائری ہو۔
ملک نعمان لنگڑیال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج ہمارا وفد وزیرِاعلیٰ پنجاب سے ملا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ جہانگیر ترین سے ناانصافی نہیں ہو گی، پی ٹی آئی کا حصہ تھے، ہیں اور رہیں گے۔