اسلام آباد(سچ خبریں)سابق وزیر اطلاعات اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان سے اپیل ہے ردعمل میں احتیاط کریں ہم نے معاشرے کو بھی بچانا ہے۔
فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قاسم سوری پر حملہ پلان کر کے کیا گیا، کوئی شخص سحری کر رہا ہو اور ڈالے میں جا کر لوگ حملہ کر دیں اس کا نوٹس ہونا چاہیے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ جو عدالتیں 24 گھنٹے کھلی ہیں، ان سے درخواست ہے اس کا نوٹس لیں۔سابق وزیر نے کہا کہ ہر دو گھنٹے کے بعد ہائیکورٹ میں حمزہ شہباز کے حلف کا کیس لگ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر غیر ملکی سازش سے قبضہ کیا گیا اس وجہ سے ملک تفریق کا شکار ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ مضحکہ خیز ہے، پاکستان میں تقسیم کی بہت بڑی وجہ الیکشن کمشنر کا رویہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی سیاسی جماعت کو دیوار سے لگائیں گے تو ملک میں تقسیم بڑھے گی، تاریخ کا سبق ہے معاشروں کو تقسیم نہیں کیا جاتا جوڑا جاتا ہے۔انہوںنے کہاکہ قانون سب کے لیے برابر ہو تو تقسیم پیدا نہیں ہوتی، پاکستان کے معاشرے میں تقسیم ختم کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں۔ سابق وزیر نے کہا کہ نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے اس کے علاوہ کوئی حل نہیں ہے، الیکشن کمیشن کا کنڈکٹ کافی عرصے سے مناسب نہیں ہے۔