راولا کوٹ (سچ خبریں) آزاد کشمیر کے ضلع راولا کوٹ میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں اطلاعات کے مطابق حادثے میں 15 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے مسافر بس آزاد کشمیر سے راولپنڈی جارہی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق راولا کوٹ کے قریب مسافر بس گہری کھائی میں جاگری۔ اس دلخراش حادثے میں 15 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے اس خوفناک حادثے سے متعلق بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی بدقسمت بس آزاد کشمیر کے علاقے بلوچ سے راولپنڈی جا رہی تھی کہ منجھاڑی کے مقام پر گہری کھائی میں گری۔
واضح رہے کہ امدادی کارروائیوں میں مقامی افراد نے بھی حصہ لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہو سکی۔ جاں بحق افراد کی شناخت کی جا رہی ہے اور ان کے لواحقین سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر عبد القیوم نیازی نے حادثے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انتظامیہ کو امدادی کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور امدادی کاروائیاں میں مقامی لوگ حصہ لے رہے ہیں۔