اسلام آباد (سچ خبریں) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے یوم علیؓ کے موقع پر ہر قسم کے جلوس پر پابندی کا فیصلہ کیا ہےیوم علی کے حوالے سے این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور قومی کرآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان خان نے کی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی سیکریٹریز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
ملک بھر میں اور بالخصوص شہری علاقوں میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث پیدا ہونے والے خطرے کی وجہ سے اجلاس میں یوم علیؓ کے موقع پر ہر قسم کے جلوسوں پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا، تاہم کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے مجالس کے انعقاد کی اجازت ہوگی۔
فورمز نے صوبائی اور ضلعی سطح پر ان فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے مذہبی اسکالرز اور کمیونٹی رہنماؤں کو بھی اعتماد میں لینے کی ضرورت پر زور دیا۔