ماسکو (سچ خبریں) روس نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے ثالثی کی پیشکش کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق روس نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ایک بار پھر ثالثی کی پیشکش کردی ہے، روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نےکہا کہ اگرتمام فریق متفق ہوں تو روس مسئلہ کشمیرپرثالثی کیلئے تیارہے۔
ماسکو میں ہفتہ وارپریس بریفنگ کےدوران آج نیوز کے نمائندے اشتیاق ہمدانی نے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخاروواسے مسئلہ کشمیر سے متعلق سوال کیا،جس پر ماریہ زخارووا نے مسئلہ کشمیر پر ثالِثی کی دوبارہ پیشکش کردی۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ روس ہمیشہ سے ہی جنوبی ایشیا میں استحکام اور سلامتی کا چاہتا ہے اگرفریقین متفق ہوں تو روس مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئے بھی تیار ہے ۔
ماریہ زخارووا نے مزیدکہا کہ مذاکرات سےخطے کی ریاستوں کے مابین اعتماد کو مستحکم کرنے اور باہمی فائدہ مند تجارتی اور معاشی روابط کی ترقی میں براہ راست مدد ملے گی، جس میں ہر ملک معروضی طور پر دلچسپی رکھتا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اس حقیقت سے آگے بڑھتے ہیں کہ یہاں موجود مسائل کے پیچیدہ معاملات بشمول کچھ علاقوں کی ملکیت کے قیام سے متعلق ہیں ، باہمی بنیادوں پر سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل ہونا چاہیئے، کشمیر پرجہاں تک روس کی ثالثی کا تعلق ہے تو یہ ممکن ہے مگر جیسا کہ آپ جانتے ہیں، یہ صرف کسی بھی تنازعہ میں ثالثی تنازعہ کے تمام فریق کی رضامندی سے ہی ممکن ہے۔