سچ خبریں:حماس کی عسکری ونگ کتائب القسام کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں صیہونی قیدیوں کے مقام کو دانستہ طور پر بمباری کا نشانہ بنایا ہے۔
الجزیرہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق حماس کی عسکری ونگ کتائب القسام کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر ایک پیغام میں بتایا کہ اسرائیلی فوج نے حال ہی میں اپنے بعض قیدیوں کے مقام کو بمباری کا نشانہ بنایا اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ قیدی ہلاک ہو گئے ہیں،اس بمباری کو دوبارہ دہرایا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی قیدیوں کے اہلخانہ نے نیتن یاہو سے کیا کہا؟
ابو عبیدہ نے مزید کہا کہ ان کے پاس معلومات موجود ہیں جو اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ اسرائیل نے اس بمباری کو جان بوجھ کر اور قیدیوں اور ان کے محافظوں کو قتل کرنے کے لیے کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے مجاہدین نے دشمن کے قیدیوں کو ملبے سے نکالنے کی کوشش کی اور ایک کو نکالنے میں کامیاب ہو گئے، تاہم اس کی حتمی حالت ابھی تک غیر واضح ہے۔
مزید پڑھیں: اسرائیلی قیدیوں کے اہل خانہ کا تل ابیب میں مظاہرہ
ابو عبیدہ نے اس حملے کے حوالے سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو، ان کی کابینہ اور فوج کو جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس واقعے اور دشمن کے قیدیوں کی جانوں کی ذمہ داری پوری طرح نیتن یاہو، اس کی کابینہ اور فوج پر عائد کرتے ہیں۔