سچ خبریں: سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ردعمل میں عراق کے الفتح اتحاد کے سربراہ نے اس ملک سے سویڈن کے تمام وفود اور افواج کو نکالنے کا مطالبہ کیا۔
المعلومہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے الفتح اتحاد کے سربراہ ہادی العامری نے اس بات پر زور دیا کہ سویڈن کے لیے اس ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے اور بغداد حکومت کو چاہیے کہ وہ تمام سویڈش وفود اور افواج کو عراق سے نکال دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عراقی حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر تمام سویڈش فوجیوں اور سفارتی وفود کو ملک سے نکال دے، یاد رہے کہ جمعرات کو عراقی وزارت خارجہ نے سویڈن کے سفیر کو طلب کرتے ہوئے انہیں سویڈن میں قرآن پاک کو جلانے کے جارحانہ فعل کے خلاف بغداد کے احتجاج سے آگاہ کیا۔
مزید پڑھیں:سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی؛پوری دنیا میں شدید غم و غصہ
واضح رہے کہ جمعے کے روز سویڈن کے نائب وزیر خارجہ جان انٹسن نے اسٹاک ہوم میں عراقی سفارت خانے کو پیغام بھیجتے ہوئے اس ملک میں قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
اس پیغام میں سویڈن کی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ ملک ہر طرح کے اسلام مخالف اقدام کی شدید مخالفت کرتا ہے اور سویڈن کی حکومت ملکی قانون کی بنیاد پر قرآن پاک کو جلانے پر مبنی نسل پرستانہ جرم کی تحقیقات کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اس بیان میں سویڈن کی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اسٹاک ہوم کی مرکزی مسجد (وہ جگہ جہاں قرآن پاک کو جلایا گیا تھا) کے گرد اجتماع میں موجود لوگوں کے خیالات کی حمایت نہیں کرتی نیز وہ اس سلسلے میں سویڈن اور دیگرممالک کے مسلمانوں کے زخمی جذبات کو سمجھتی ہے۔
دریں اثنا سویڈن کی پولیس نے اس ملک میں مقیم ایک پناہ گزین کو اجازت نامہ جاری کرتے ہوئے حفاظتی معاونت فراہم کرکے قرآن پاک کی بے حرمتی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
مزید پڑھیں:سویڈن میں قرآن پاک کی توہین پر عرب ممالک کا ردعمل
عراقی وزارت خارجہ نے اس خبر کو شائع کرتے ہوئے اپنی ویب سائٹ پر اعلان کیا ہے کہ یہ پیغام اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے نمائندوں کو بھیجا گیا ہے۔