سچ خبریں:صیہونی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس صیہونی فوجیوں کے موبائل فونز میں موجود معلومات تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) درجنوں صیہونی فوجیوں کے موبائل فون کی معلومات ہیک کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے،صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل 12 نے اعلان کیا کہ حماس ٹیلی گرام اور دیگر سوشل نیٹ ورکس پر جعلی اکاؤنٹس بنا کر صیہونی فوجیوں کی معلومات حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
صیہونی چینل نے مزید کہا کہ حماس تحریک نے یہ اکاؤنٹس اسرائیلی لڑکیوں کے نام سے بنائے ہیں اور صیہونی حکومت کی افواج کے ساتھ رابطے شروع کر دیے ہیں، واضح رہے کہ صیہونی حکومت کو حالیہ ہفتوں میں بے مثال سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس کے حکام نے بارہا ان حملوں کا اعتراف کیا ہے۔
صہیونی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ الارم سائرن کا فعال ہونا اور پناہ گاہوں میں صیہونیوں کا رش، جاسوسی غباروں کا گرنا، تمام سرکاری ویب سائٹس کا ہیک ہونا، فوجی دستاویزات کا حصول اور ان کی اشاعت، اس حکومت کے عہدہ داروں کے ساتھ رابطے میں کمی نیز دھمکیاں اس کی مثالیں ہیں جس کی وجہ سے صیہونی حکام کی نیدنیں حرام ہو چکی ہیں۔