سچ خبریں:مشرقی شام میں تیل کی سب سے بڑی فیلڈ میں واقع امریکی فوجی اڈے کو نامعلوم ذرائع سے میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
اسپوٹنک خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مشرقی شام میں تیل کی سب سے بڑی فیلڈ میں واقع امریکی فوجی اڈے پر نامعلوم افراد نے میزائل حملہ کیام رپورٹ کے مطابق دیر الزور کے مشرق میں امریکی افواج کے سب سے بڑے فوجی اڈے پر عمر آئل فیلڈ بیس پر ہفتے کی شام نامعلوم ذرائع نے بمباری کی ہے۔
کہا جاتا ہے کہ اس بمباری کے نتیجے میں اڈے کے آس پاس اور گرین ایریا اور بیس کے اندر بھی دھماکے ہوئے،العمر بیس میں ہونے والے ان دھماکوں کی مقامی ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے اور بتایا گیا ہے کہ دھماکوں کی گونج خطے کے تمام شہروں میں سنی گئی، جس کے بعد جنگی طیاروں کی شدید پروازیں اور علاقے کے شہروں اور اڈے کے آس پاس کے دیہاتوں کی فضا میں امریکی طیاروں کی گشت شروع ہو گئی، تاہم اس بمباری کے مرتکب کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
گرین زون اور العمر بیس میں موجود لوگوں کے مطابق مذکورہ حملے کے نتیجہ میں امریکی فوج کے جانی اور مالی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے، یاد رہے کہ چند روز قبل العمر فیلڈ میں امریکی قابض افواج کی فوجی مشقوں کے نتیجے میں بھی اسی طرح کے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد امریکی افواج نے اعلان کیا کہ وہ داعش کی باقیات کے ساتھ جنگ جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ شام میں امریکی فوج اور دیگر اتحادی غیر ملکی افواج کے 28 اعلان کردہ فوجی اڈے ہیں جو 3 صوبوں میں ہیں جن میں الحسکہ میں17 ، دیر الزور میں9 اور حمص 2 اڈے ہیں نیز دیر الزور کے مشرقی مضافات میں واقع شام کی سب سے بڑی آئل فیلڈ العمر میں امریکی فوج کا سب سے بڑا اڈا ہے۔