سچ خبریں:سعودی عرب نے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر احتجاج کے بعد ایک صہیونی صحافی کے مکہ شہر میں داخلے کا اعتراف کر لیا۔
جمعہ کے روز سعودی عرب نے مکہ میں صہیونی صحافی کی موجودگی کے حوالے سے سوشل میڈیا میں بڑے تنازع کے بعد حج کے دوران اس غیر مسلم کے مکہ مکرمہ کی ارض مقدس میں داخل ہونے کا اعتراف کیا۔
سعودی عرب کی پولیس کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ اس ملک کے ایک شہری کو صیہونی صحافی کو مکہ شہر میں داخل ہونے میں مدد کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے، سعودی پبلک سکیورٹی نے ایک سعودی شہری کو مکہ میں داخل ہونے والے امریکی صحافی کے ساتھی کے طور پر پراسیکیوٹر کے دفتر بھیجنے کا اعلان کیا جبکہ یہ واضح نہیں کیا کہ صحافی اسرائیلی تھا۔
یاد رہے کہ سعودی پولیس کی یہ کارروائی حج کے دوران مکہ شہر میں ایک غیر مسلم شخص کی موجودگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر ہونے والے احتجاج کے بعد عمل میں آئی،تاہم سعودی پولیس نے مکہ میں داخل ہونے والے صہیونی صحافی کو گرفتار کرنے کے بجائے اسے لانے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔
واضح رہے کہ قانون کے مطابق غیر مسلموں کا مکہ اور مدینہ میں داخلہ ممنوع ہے حالانکہ حالیہ برسوں میں مبینہ طور پر غیر مسلموں کے مدینہ میں داخلے پر پابندیاں نرم کی گئی ہیں۔