سچ خبریں:صہیونی میڈیا نے ایسے چینل کا انکشاف کیا جسے سعودی کمپنیاں اسرائیل کے ساتھ اپنے تجارتی معاملات کے لیے استعمال کرتی ہیں۔
فلسطینی میڈیا نے صہیونی اخبار یروشلم پوسٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی کمپنیاں بحرین کے راستے اسرائیل میں سرمایہ کاری کرنے کی کوشش کر رہی ہیں،،صہیونی اخبار نے باخبر ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ سعودی عرب کی متعدد کمپنیاں اسرائیل کے ساتھ تجارت کرنے پر غور کر رہی ہیں اور وہ یہ کام بحرینی چینل کے ذریعے کر رہی ہیں۔
اس رپورٹ میں آیا ہے سعودی کمپنیوں کی اکثریت ٹیکنالوجی کے شعبے پر توجہ دیتی ہے حالانکہ ان کمپنیوں کے منتظمین اس حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے کو تیار نہیں ہیں، یروشلم پوسٹ کے مطابق بحرین کی معیشت کا زیادہ تر انحصار سعودی عرب پر ہے جس کی وجہ سے سعودی سرمایہ کاروں کے لیے اسرائیل کے ساتھ رابطے میں آسانی ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کو بحرین کا سب سے اہم تجارتی پارٹنر تصور کیا جاتا ہے اور اس ملک میں سعودی سرمایہ کاری کا حجم تقریباً 13 ارب سعودی ریال ہے جبکہ اس وقت سعودیوں نے تقریباً 400 بحرینی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے نیز بحرین میں 43 سعودی کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔
واضح رہے کہ وقتاً فوقتاً محمد بن سلمان اور صیہونی حکومت کے رہنماؤں کے درمیان پس پردہ تعلقات کی خبریں آتی رہتی ہیں، جب کہ بعض ذرائع ابلاغ ان تعلقات کو عام کرنے کے قریب آنے کی بات بھی کرتے ہیں۔