سچ خبریں:مقامی یمنی ذرائع نے بتایا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی کمیٹیوں نے اسٹریٹیجک شہر مأرب کے جنوبی اور مشرقی محاذوں پر پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے۔
یمن کے صوبے مأرب کےمقامی ذرائع نے المیادین چینل کو بتایا کہ یمنی فوج اور عوامی کمیٹیاں مشرقی جبل البلق کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہوئے اسٹریٹیجک شہر مأرب کے جنوبی اور مشرقی محاذوں پر پیش قدمی جاری رکھیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد کے وسیع فضائی احاطہ کے باوجود عبد ربہ منصور ہادی اور حزب الاصلاح کی افواج پسپاہوگئیں، ذرائع نے مزید کہاکہ سعودی اتحاد سے وابستہ درجنوں فورسز اور ان کے عناصر جنگ کے اگلے مورچوں پر ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ روز یمنی فوج اور عوامی کمیٹیوں نے سعودی عناصر کے ساتھ لڑائی کے دوران مأرب کے مشرق میں البلق کی اسٹریٹیجک بلندیوں پر تسلط حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی،واضح رہے کہ البلق آخری پہاڑی علاقہ تھا جہاں حملہ آور سعودی عناصر تعینات تھے۔
یادرہے کہ حال ہی میں یمن کی انصار اللہ تحریک کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے مأرب کی لڑائی کے بارے میں ایک تقریر میں کہاکہ یمنی مزاحمتی قوتیں مأرب میں حتمی فتح کے قریب ہیں، انہوں نے مزید کہاکہ یمن کے عوام جلد از جلد مأرب کی آزادی چاہتے ہیں جبکہ ہماری مسلح افواج مأرب کو آزاد کرانے کے لیے عوام کے دباؤ میں ہیں،انھوں نے کہا کہ دوسرے محاذوں پر جارحین کی شکست کی طرح مأرب میں بھی ان کی شکست یقینی ہے۔