کراچی: (سچ خبریں) معروف گلوکار اذان سمیع خان کا نیا گانا ’ہم دم‘ ریلیز ہوتے ہی وائرل ہوگیا، جسے دیکھنے کے بعد شائقین نے گلوکار کی تعریفیں کیں۔
ریلیز کیے گئے گانے میں پاکستانی سینما کے کلاسک دور یعنی 1970 کا زمانہ دکھایا گیا ہے۔
گانے میں صنم سعید کو 1970 کے زمانے کی سپر اسٹار اداکارہ کے طور پر دکھایا گیا ہے جب کہ اذان سمیع کو ان کی محبت میں مبتلا دکھایا گیا ہے۔
گانے کی جاری کی گئی ویڈیو میں صنم سعید کی فلم ’ہم دم‘ کے پریمیئر کو دکھایا گیا ہے جب کہ گانے میں بارش کا موسم دکھا کر اسے رومانوی بنایا گیا ہے۔
’ہم دم‘ میں اذان سمیع خان نے خود ماڈلنک کی ہے اور ان کا یہ گانا ان کے ایلبم کا حصہ ہے، جس کے اب تک متعدد گانے ریلیز کیے جا چکے ہیں۔
اذان سمیع خان کے ویڈیو ایلبم کے ماضی میں ریلیز کیے گئے گانوں میں ایک گانے میں سجل علی جب کہ دوسرے مایا علی کو بھی دکھایا جا چکا ہے۔
ان کے زیادہ تر گانے رومانوی ہیں اور ان میں کئی دہائیاں پہلے کا زمانہ دکھایا گیا ہے، تاہم بعض گانے جدید دور کے مطابق بھی ریلیز کیے گئے ہیں۔
’ہم دم‘ کے ریلیز ہوتے ہی اس کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں اور شائقین نے گانے کی پرومو تصویر کو بھی سراہا، جس میں 1970 کے سینما کی عکاسی کی گئی ہے۔
’ہم دم‘ کی ویڈیوز کو متعدد سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا، جس پر مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے اذان سمیع خان اور صنم سعید کی جوڑی کو سراہا۔