سچ خبریں: میٹا کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز میں ایک نئے فیچر ٹرینڈنگ ناؤ کا اضافہ کیا ہے۔یہ نیا فیچر تھریڈز نے ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) ٹرینڈز کے مقابلے میں متعارف کرایا ہے۔
میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کے مطابق ابتدا میں یہ فیچر امریکا میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔
اس فیچر کی آزمائش فروری 2024 سے کی جا رہی تھی اور اس کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کو استعمال کیا جائے گا۔
ٹرینڈنگ ناؤ میں ایسے موضوعات نظر آئیں گے جو اے آئی سسٹم کے خیال میں لوگوں میں زیادہ مقبول ہیں۔
یہ ٹرینڈز تھریڈز کے سرچ پیج میں نظر آئیں گے مگر اس کے ساتھ ساتھ ٹرینڈنگ ٹاپکس فار یو فیڈ کی پوسٹس کے درمیان بھی دیکھے جاسکیں گے۔
ابھی یہ فیچر کافی محدود ہے اور تھریڈز میں ایک وقت میں 5 ٹرینڈنگ ٹاپکس نظر آئیں گے۔
میٹا کے مطابق ملازمین کی جانب سے ٹاپکس کا جائزہ لے کر اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ یہ تمام موضوعات کمپنی کے حفاظتی اصولوں کے مطابق ہوں۔
خیال رہے کہ صارفین کی جانب سے اس فیچر کا مطالبہ کافی عرصے سے کیا جا رہا تھا کیونکہ ابھی یہ معلوم نہیں ہوتا کہ اس پلیٹ فارم میں لوگ کس بارے میں زیادہ بات کر رہے ہیں۔