دبئی (سچ خبریں) متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان سمیت متعدد ممالک کے خلاف اہم اعلان کرتے ہوئے 12 مئی سے بنگلہ دیش، پاکستان، نیپال اور سری لنکا پر سفری پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق عرب امارات کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پابندی کے دوران متحدہ عرب امارات سے بنگلہ دیش، پاکستان، نیپال اور سری لنکا کے لیے مسافروں کی منتقلی کی اجازت ہوگی، اس فیصلے میں مسافروں کے داخلے کی معطلی میں توسیع بھی شامل ہے جو متحدہ عرب امارات سے قبل 14 دن کے لیے ان چاروں ممالک میں تھے، پابندی میں ان ممالک سے آنے والی ٹرانزٹ پروازیں بھی شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات کے شہریوں سمیت چاروں ممالک کے منظور شدہ سفارتی مشن پر آنے والے افراد، سرکاری وفود، کاروباری طیاروں میں سفر کرنے والے افراد، اور گولڈن رہائشی ہولڈرز کو استثنیٰ حاصل ہوگا، انہوں نے کہا کہ تاہم یہ افراد احتیاطی تدابیر سے مشروط ہوں گے جس میں 10 روزہ قرنطینہ اور پی سی آر ٹیسٹ شامل ہے، اتھارٹی کے مطابق مذکورہ ٹیسٹ ہوائی اڈے میں داخل ہونے کے چوتھے اور آٹھویں روز ہوگا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے گزشتہ ماہ بھارت سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل متعدد ممالک نے بھارت سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کردی تھی جہاں کورونا سے یومیہ لاکھوں کیسز اور ہزاروں اموات کی اطلاعات ہیں، فلپائن، اٹلی، یو اے ای اور آسٹریلیا نے بھارتی مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کی ہے۔
آسٹریلیا نے یہ بھی خبردار کیا کہ جن لوگوں نے سفری پابندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی، انہیں جیل اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔