لاہور (سچ خبریں) پنجاب کی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کورونا ویکسین سے متعلق گردش کرتی مختلف افواہوں پردھیان نہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام ویکسینیشن کے بارے میں پھیلی ہوئی غلط فہمیوں پر دھیان نہ دیں، لاہور میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 1.5 فیصد ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا کی وباء کا پھیلاؤ کافی حد تک کم ہو چکا ہے، صوبے میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، لاہور میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 1.5 فیصد ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا گیا جس کی وجہ سے کیسز کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کورونا ایس او پیز تو اب سب کو حفظ ہو جانا چاہئیں، احتیاط سے 70 سے 80 فیصد لوگوں کو اس وباء سے بچایا جا سکتا ہے، ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد اور ویکسینیشن تیز ہو جائے تو جلد اس وباء پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سینیما سے متعلق این سی او سی نے اس ہفتے فیصلہ کرنا ہے، اسپورٹس پر مکمل پابندی ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کو 50 فیصد گنجائش کے ساتھ اجازت ہے۔اُن کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان سائینو ویک کی فارمولیشن اور پیکجنگ جاری ہے۔
پنجاب میں 35 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، 24 گھنٹوں میں ایک لاکھ 59 ہزار افراد کی ویکسینیشن کی گئی، مختلف شہروں میں ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے یہ بھی کہا کہ 30 برس کی عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کا عمل بھی شروع کیا جا چکا، 18 برس سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔