کوئٹہ (سچ خبریں) سی ٹی ڈی نے کارروائی کر کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ 3دہشت گرد فرار ہو گئے اطلاعات کے مطابق سی ٹی ڈی نے کوہار ڈیم لورالائی میں کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ مبینہ دہشتگردوں کے کمپاؤنڈ سے اسلحہ و بارود برآمد ہوا ہے۔ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کو تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، دہشتگردوں کے 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
علاقے میں مزید مشتبہ افراد کے شبے میں سرچ آپریشن جاری ہے تمام داخلی اور خارجی راستے مکمل طور پر بند ہیں۔ خیال رہے کہ رواں ماہ میں سی ٹی ڈی کی بلوچستان میں یہ دوسری بڑی کارروائی ہے، اس سے قبل دس اگست کومغربی بائی پاس پر سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے، دہشت گردوں کے زیراستعمال کمپاؤنڈ سے اسلحہ وگولہ بارودبرآمد کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ 8 اگست کو صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے سرینا چوک پرہونے والے دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید اور اٹھارہ افراد زخمی ہوئے تھے۔