اسلام آباد (سچ خبریں) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جرمنی کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے منگل کے روز جرمنی کی دارلحکومت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کیا کہ میونخ میں قونصل خانہ کھولا جائے گا۔
جرمنی کے دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ نیا قونصل خانہ اس سلسلے میں معاملات میں تیزی لائے گا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ برلن میں ملک کے سفارتخانے کی سفارتی کوششوں کو پورا کرنے کے لیے میونخ مشن میں ایک قونصل جنرل مقرر کیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان نے یورپ کے ساتھ اسٹراٹیجک اشتراک عمل منصوبہ وضع کرنے کا عزم کا رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی، شمسی توانائی اور برقی گاڑیوں کے شعبوں میں تعاون کر سکتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ اس وقت 5 ہزار کے قریب پاکستانی طلبہ جرمنی کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے بھی میونخ کے ایک انسٹی ٹیوٹ میں تعلیم حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو شامل کرکے تعلیم کے شعبے میں تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی کوشش کی جائے گی تاکہ جرمنی میں پاکستانی طلبہ کی اولین منزل بن سکے۔
جرمنی میں پاکستانی کمیونٹی کے وفد سے ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کی سہولت کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ کا آپشن زیر غور ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے قانونی ذرائع سے پاکستان میں آسانی سے رقم کی منتقلی کے لیے ڈیجیٹل روشن پاکستان منصوبہ شروع کیا تھا۔
وفد نے شاہ محمود قریشی کی جرمنی کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا اور میونخ میں قونصل خانہ کھولنے کے اعلان پر ان کا شکریہ ادا کیا۔