سچ خبریں: پی ٹی آئی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ پی ٹی آئی اور پاک فوج کو آمنے سامنے لانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن ہم اور آرمی چیف ایسا نہیں ہونے دیں گے،بانی پی ٹی آئی نے عوام سے انتخابات کی تیاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
راولپنڈی میں اڈیالا جیل کے باہر اپوزیشن اراکین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ان کی خوشگوار ملاقات ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا پی ٹی آئی ایک دہشت گرد جماعت ہے؟ وفاقی وزیر اطلاعات کی زبانی
عمر ایوب نے الزام لگایا کہ شہباز شریف اور موجودہ حکومت پاک فوج اور پی ٹی آئی کو آمنے سامنے لانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اور پاکستان کے 90 فیصد عوام اس کے ساتھ ہیں۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کے چوری ہونے کا ذکر کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ان فوٹیجز کو سامنے لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس اور اسلام آباد ہائیکورٹ کی فوٹیجز بھی عوام کے سامنے لائی جائیں۔
عمر ایوب نے بتایا کہ 5 اگست کو کشمیر سے متعلق اہم دن ہے اور اس موقع پر اسلام آباد میں جلسہ ہوگا جس کی قیادت علی امین گنڈاپور کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سامنے احتجاج کی حمایت کی ہے اور ملک میں نئے انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔
عمر ایوب نے عوام سے اپیل کی کہ کل کے احتجاج کو کامیاب بنائیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو دھمکایا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ پرامن احتجاج کی ہدایت کی ہے۔
عمر ایوب نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران کو فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف اب بھی فارم 47 کے ذریعے جیتے ہیں۔
اس موقع پر کنول شوزب نے کہا کہ حکومت فارم 47 کے ذریعے بشریٰ بی بی کے خلاف سازش کر رہی ہے اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف عون چوہدری کے لگائے گئے ملازم کو گواہ بنایا جا رہا ہے۔ عون چوہدری نے عدت کیس میں جھوٹی گواہی دی ہے۔
کنول شوزب نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کو ہدف بنا کر بانی پی ٹی آئی کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو نشانہ بنانا بزدلی ہے اور ہم جھوٹے کیسز میں بشریٰ بی بی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں اور ان خواتین کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے جنہوں نے قربانیاں دیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے ملک پر ہارا ہوا لشکر مسلط کیا گیا ہے اور عوام کی نظروں میں موجودہ حکومت کی حیثیت گر چکی ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے ساتھ ایجنسیز کے سلوک اور ملکی حالات کے بارے میں عمر ایوب کا بیان
انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی ایک منصوبہ تھا اور اس کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے زور دیا کہ ملک کی خاطر رویے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔