اسلام آباد (سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ پنجاب کی جعلی حکومت کے دن پورے ہونے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی ایک نیا آئین بنانے کی کوشش کو کالعدم قرار دے دیا اور پنجاب کی 5 ریزرو سیٹس پر لوٹوں کی جگہ تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کو نوٹیفی کرنے کا حکم جاری کر دیا ، جس کے ساتھ ہی پنجاب کی جعلی حکومت کے دن پورے ہونے جا رہے ہیں۔
اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی سمیوئیل یعقوب،زینب عمیر سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، ،پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ڈی نوٹیفائی ہونے والے ارکان کی جگہ نئے ارکان اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کیلئے درخواست دائر کی گئی،عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کیلئے طلب کیا، عدالت کے روبرو پنجاب اسمبلی میں سمیوئیل یعقوب، زینب عمیر سمیت دیگر نے درخواستوں میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پانچ مخصوص نشستوں پر اراکین اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا اور عدالت سے استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں پر نئے ارکان اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا جائے