لاہور(سچ خبریں) عالمی وباء کورونا وائرس دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہاہے اسی دوران صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے مزید نئے کیسز سامنے آئے ہیں، پنجاب میں اومیکرون کیسز کی تعداد 153 ہوچکی ہے اومیکرون کا شکار افراد میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے 39 نئے کیسز سامنے آگئے، شہر میں اومیکرون کے کیسز کی تعداد 151 ہو چکی ہے۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اومیکرون کیسز کی تعداد 153 ہوگئی ہے، اومیکرون کا شکار افراد میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق اومیکرون وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے، اومیکرون پھیلنے کی شرح ڈیلٹا ویرینٹ سے بھی زیادہ ہے۔دوسری جانب پنجاب سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، گزشتہ روز کے دوران کرونا وائرس کے 600 سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 2 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 28 ہزار 945 ہوگئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 630 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 865 ہوگئی۔