اسلام آباد(سچ خبریں)عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پاکستان بھر میں ویکیسنیشن کا سلسلہ جاری ہے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ ایک دن میں 22 لاکھ 40 ہزار افراد کو ویکسین لگانے کا ریکارڈ قائم کرلیا گیا، ملک میں ویکسین لگانے کی اہل آبادی کے 58 فیصد افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہوچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایک دن میں 22 لاکھ 40 ہزار افراد کو ویکسین لگانے کا ریکارڈ قائم کر لیا گیا۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ مسلسل پچھلے 4 دن میں ہم نے ہر روز 20 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں لگائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ویکسی نیشن کے اہل ہر 4 میں سے 3 پاکستانیوں کو کم از کم ایک خوراک لگ چکی ہے، 58 فیصد افراد کو مکمل طور پر ویکسین لگ چکی ہے۔یاد رہے کہ ملک میں اب تک 11 کروڑ 52 لاکھ 38 ہزار 268 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جب کہ 8 کروڑ 98 لاکھ 53 ہزار 639 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان بھر میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے اور حکام کی جانب سے ہدایات کا سلسلہ جاری ہے۔