نیو یارک ( سچ خبریں ) دہشت گردی کی روک تھام میں مدد کے لئے فیس بک انتظامیہ نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو معاشرے میں موجود لوگوں کے ذہنوں سے شدت پسندانہ سوچ نکالنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیس بک امریکا میں ایک نیا فیچر متعارف کرا رہی ہے جہاں صارفین سے پوچھا جائے گا کہ کہیں ان کا کوئی جاننے والا شدت پسندی کی جانب تو راغب نہیں ہو رہا ، اس کے ساتھ شدت پسندی پر مبنی مواد کو دیکھنے والے صارفین کو تنبیہی پیغامات بھی ارسال کئے جائیں گے ۔
پیغامات صارف کو ایک ایسے صفحے پر از خود لے جائیں گے جہاں ان کے پاس اس سے نمٹنے کیلئے سپورٹ موجود ہو گی ۔دونوں فیچرز کو فیس بک کے ری ڈائریکٹر انیشیٹو کے تحت ٹیسٹ کیا جا رہا ہے جس کا مقصد شدت پسندی کے خاتمے میں مدد کرنا ہے ۔
واضح رہے کہ خوف اور ہراس پیدا کرکے اپنے مقاصد کے حصول کی خاطر ایسا نپا تلا طریقہ کار یا حکمت عملی اختیار کرنا جس سے قصوروار اور بے قصور کی تمیز کے بغیر، عام شہریوں سمیت ہر ممکنہ ہدف کو حاصل کرنے کے لئے، وسیع پیمانے پر دہشت و تکلیف اور رعب و اضطراب پھیلایا جانا معمول بن چکا ہے۔ انسداد دہشت گردی کے مشترکہ مقصد کو پانے کے لئے دنیا کے کئی ممالک باہمی تعاون کی کوششیں کر رہے ہیں۔