سچ خبریں:جرمن حکام کا کہنا ہے کہ روس یوکرین جنگ کی وجہ سے انہیں گیس کی قلت کا سامنا ہے جس کے سلسلہ میں انھوں نے قطر اور متحدہ عرب امارات سے رابطہ کیا ہے۔
جرمنی کے وزیر اقتصادیات رابرٹ ہیبیک نے کہا ہے کہ جرمنی کو گيس کی قلت کا سامنا ہے جرمنی نے اس سلسلے میں قطر اور متحدہ عرب امارات سے گيس کی فراہمی کے بارے میں رابطہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جرمن وزیر اقتصادیات عرب امارات اور قطر کا دورہ کریں گے جس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس دورے سے ان کا مقصد عرب ممالک سے ہائیڈروجن کے حصول کیلئے معاہدے طے کرنا ہے جس سے جرمنی کا گیس کے لیے روس پر انحصار کم ہوجائے گا۔
جرمن وزارت اقتصادیات کی ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق روس جرمنی کو گیس فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے، جرمنی کی تقریباً نصف ایل این جی روس سے درآمد کی جاتی ہے، واضح رہے کہ جب سے روس نے یوکرائن میں فوجی آپریشن شروع کیا ہے ، جرمنی نے روس پر گیس کیلئے انحصار کم کرنے کے لیے کئی اقدامات شروع کیے ہیں جن میں غیر روسی ایل این جی کے بڑے آرڈرز اور ایل این جی درآمد کرنے کے لیے ایک ٹرمینل کا منصوبہ بھی شامل ہے۔