سچ خبریں:امریکی کانگریس کی نئی قرارداد کے مطابق اس ملک کو یوکرین میں موجود اپنے فوجیوں کی تعداد کا اعلان کرنا ہوگا۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی کانگریس نے اس ملک کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین اور روس کے درمیان جنگ میں اپنے فوجیوں کی تعداد ظاہر کرے۔
امریکی ایوان نمائندگان نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس کے مطابق اس ملک کے فوجی حکام اور حکومت پر لازم ہے کہ وہ یوکرین میں موجود امریکی فوجیوں کی تعداد کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی کانگریس مین میٹ گیٹز نے یہ قرارداد ایوان نمائندگان میں پیش کی تھی جس کے مطابق پینٹاگون یوکرین میں امریکی فوجیوں کی تعداد کے بارے میں معلومات ظاہر کرنے کا پابند ہے۔
اس کے علاوہ امریکی ایوان نمائندگان میں اس قرارداد کی منظوری سے امریکی صدر جو بائیڈن کو یوکرین کے لیے فوجی امداد کے پروگراموں کی تفصیلات سے متعلق تمام دستاویزات کی کاپیاں ایوانِ نمائندگان میں جمع کرانا ہوں گی،اس قرارداد کے مطابق امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کو ملک کی خصوصی افواج سمیت ان امریکی فوجیوں کی تعداد کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہوں گی جو کانگریس کی منظوری کے بغیر یوکرین بھیجے گئے ہیں۔
اس قرارداد کے مطابق بائیڈن اور آسٹن کو 14 دنوں کے اندر اندر درخواست کردہ دستاویزات ایوان نمائندگان کو بھیجنا ہوں گی، یاد رہے کہ پینٹاگون اور امریکی انٹیلی جنس دستاویزات کے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر لیک ہونے سے ظاہر ہوا ہے کہ اس وقت کم از کم 14 امریکی خصوصی دستے یوکرین میں موجود ہیں۔