الجیریا (سچ خبریں) الجیریا کے صدر عبدالماجد تیبون نے اسرائیل کو ایک غاصب ریاست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق فرانسیسی لی پوائنٹ میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے عبدالماجد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ دوبارہ صدر منتخب نہیں ہونا چاہتے اور اس لیے الیکشن میں کھڑے بھی نہیں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا مقصد ملک کو مستحکم کرنے، ریاستی اداروں کی تعمیر نو اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جمہوریت کا بول بالا ہو۔
صدر نے کہا کہ اسلامی جماعتوں کو انتخابات میں کامیابی حاصل کرنی چاہئے بشرطیکہ طریقہ کار جمہوری قوانین کے تابع ہو اور اس کی مثال ترکی ہے، کیا وہاں سیاسی اسلام نے ترکی کی ترقی میں کوئی رکاوٹ پیدا کی؟
اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے والی عرب ریاستوں کے فیصلوں کے حوالے سے عبدالماجد نے کہا کہ ہر ملک اپنی مرضی کا مالک ہے لیکن الجزائر صہیونی وجود کے ساتھ اپنے تعلقات استوار نہیں کرے گا، جب تک خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام نہیں ہوگا۔