کراچی (سچ خبریں)شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار، ہدایت کار شمعون عباسی نے بھارت میں کورونا وائرس کی ہلاکت خیز صورتحال پر کہا ہے کہ انسانیت قوموں سے بڑی ہے انہوں نے فیس بُک پر مختلف پوسٹس شیئر کیں جس میں انہوں نے بھارت کے ساتھ اس مشکل وقت میں اظہارِ یکجہتی کیا۔
شمعون عباسی بھارتیوں کو ماضی کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ’وہ پتھر پھینکتے ہیں لیکن ہم دعائیں کرتے ہیں ، فرق صاف واضح ہے۔ایک اور پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے حالات دیکھ کر بھی اگر پاکستانیوں نے ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کیں تو ہمارے یہاں بھی اسپتالوں میں جگہ نہیں ہوگی۔
شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ میں کسی نسل، انسان یا گروہ کے خلاف نہیں ہوں، میرا اللہ پر پختہ یقین ہے، ایک وہی ہے جسے ہم سب کو راضی رکھنا چاہیئے۔انہوں نے یہ بھی لکھا کہ دنیا میں ہر ایک کے لیے دعا گو ہوں ، امید ہے کہ بھارت اس وبا سے نبرد آزما ہوتے ہوئے یہ اچھی طرح سمجھ جائے گا کہ برے حالات میں دوسروں کی مدد کردینی چاہئے۔
شمعون نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں لکھا کہ ’پتھراؤ آپ کی جانب سے ہوتا ہے لیکن ہم یہاں آپ کے اہلِ خانہ اور بچوں کیلئے دعا کرتے ہیں۔اداکار نے کہا کہ انسانیت قوموں سے بڑی ہے لہذا ہم بھی آپ سے خیر سگالی کے جذبات کی توقع رکھتے ہیں۔