سرینگر (سچ خبریں) مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارتی تحقیقاتی ادارے کے دفتر میں حاضر ہونے سے انکار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مبینہ منی لانڈرنگ کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے نئی دلی میں بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) کے ہیڈکوارٹرز میں پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ای ڈی کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے ڈائریکوٹریٹ کو آگاہ کیا ہے کہ وہ ذاتی اور پارٹی مصروفیات کی بنا پر نئی دلی آنے سے قاصر ہیں لہٰذا تحقیقاتی ادارے کی ٹیم سرینگر آکر ان سے سوالات پوچھ سکتی ہے اور اگر ایسا ممکن نہیں توان سے آن لائن بھی سوالات پوچھے جاسکتے ہیں۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے مبینہ منی لانڈرنگ کے سلسلے میں محبوبہ مفتی کو پوچھ گچھ کیلئے نئی دلی میں اپنے ہیڈکوارٹرز میں طلب کر رکھا ہے، تاہم سابق وزیر اعلیٰ نے دلی ہائیکورٹ عرضی دائر کی تھی جس میں انہوں نے ای ڈی کی طرف سے طلبی کے نوٹس کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن عدالت نے ان کی عرضداشت مسترد کر دی تھی۔