سرینگر (سچ خبریں) بھارتی حکام نے مقبوضہ کشمیر میں شہید حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کے دونوں بیٹوں پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لگا دیا ہے جس کے بعد اشرف صحرائی کی بیوہ کو دل کا دورہ پڑ گیا اور انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں و کشمیر کے شہید چیئرمین اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء محمد اشرف صحرائی کے دونوں بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جس کے بعد ان کی بیوہ کو گزشتہ روز دل کا دورہ پڑا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سارہ اشرف کواپنے شوہر کی دوران حراست شہادت کے بعد قابض انتظامیہ کی طرف سے دوبیٹوں مجاہد صحرائی اور راشد صحرائی پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق کالاقانون لاگو کئے جانے کی اطلاع ملنے پر دل کا دورہ پڑا۔
جب انہیں معلوم ہو ا کہ ان کے دونوں بیٹوں پر کالے قانون کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ہے تو انہیں سینے میں شدید درد محسوس ہوا اور انہیں فوری طورپر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے۔
واضح رہے کہ مودی حکومت نے 6 مئی کو ضلع کپواڑہ کے علاقے لولاب میں اپنے والد کے جنازے میں بھارت مخالف نعرے بلند کرنے پر اشرف صحرائی کے دونوں بیٹوں پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت مقدمہ درج کردیا تھا۔
دونوں کو 15 مئی کو سرینگر میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتارکر کے کپواڑہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا تھا، محمد اشراف صحرائی 5 مئی کو جموں کی اودھمپور جیل میں دوران حراست وفات شہید ہوگئے تھے۔