سرینگر (سچ خبریں) بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کو جاری رکھتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے راجوری ضلع میں دو کشمیریوں کو شہید کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعے کو ضلع راجوری میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوج نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے تھنہ منڈی میں تلاشی اور محاصرے کی پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا، فوج نے پورے علاقے کا محاصرہ کر کے موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی، آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔
دوسری جانب بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ہفتہ کو ضلع بڈگا م میں ایک جعلی مقابلے میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا جس سے علاقے میں گزشتہ روز سے شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو جس کی شناخت شاکربشیر بٹ کے طور پرہوئی ہے ضلع کے علاقے مانچھوا میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔