اسلام آباد: (سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان کے سیل کی تصاویر سامنے آنے پر ردعمل دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں ترجمان تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم کے سیل کی تصویر کے ساتھ لکھا کہ یہ ہے وہ شاہانہ کمرہ جس میں پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر عمران خان کو 10 ماہ سے بغیر کسی جرم کے قید کر کے رکھا گیا ہے، ایک طرف اربوں کی کرپشن کے مجرمان اس ملک میں لگژری کمروں میں سزا کاٹنے کے باوجود بھی لندن فرار ہو گئے اور ایک طرف یہ مرد مجاہد ہے جس کے جیل میں ہونے کی وجہ فی الحال صرف اس کی "شادی” ہے لیکن اس کے باوجود وہ اس تنگ ترین کمرے سے اپنی قوم کی جنگ ڈٹ کر لڑ رہا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ وفاقی حکومت نے تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے وکلاء تک رسائی نہ دینے کے بیان کی تردید کی ہے، نیب ترامیم کیس میں سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی اپنی رپورٹ میں وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلاء تک رسائی نہ دینے کے بیان کی تردید کی، اس حوالے سے وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم کے مؤقف کی تردید میں سپریم کورٹ میں اضافی دستاویزات جمع کروا دی ہیں۔
اپنے جواب میں وفاقی حکومت نے عمران خان کے اڈیالہ جیل میں وکلاء تک رسائی نہ دینے کے بیان کو حقائق کے منافی قرار دیا۔
تحریری جواب میں عمران خان کے ساتھ اہل خانہ اور لیگل ٹیم کی ملاقاتوں کی فہرست بھی سپریم کورٹ میں جمع کروا دی۔
اضافی دستاویزات کے ساتھ بانی پی ٹی آئی کے جیل میں کمرے، ان کے زیر استعمال مختلف اشیاء اور وکلاء سے ملاقات کی تصاویر بھی شامل ہیں۔