کوئٹہ (سچ خبریں) کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 13 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہوگئے۔ تمام زخمی پولیس اہلکار اور تینوں راہ گیروں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے وزیر اعلی نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ترجمان محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے قریب ہونے والے دھماکے میں ایک پولیس اہلکارجاں بحق ہوگیا، 13پولیس اہلکار اور 3 راہگیر بھی زخمی ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے ذریعے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکا موٹر سائیکل میں نصب ڈیوائس کےذریعے کیا گیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے سریاب روڈ دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی ہے اور تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے دھماکے میں پولیس اہلکار کی شہادت اور زخمی افراد کیلئے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ تخریب کار عناصر صوبے کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کو مذموم مقاصد میں کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ دھماکے کے بعد تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جبکہ طبی عملےکو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے دھماکہ پر پہنچ گئیں۔ دھماکے کی نوعیت کا ابھی پتا لگایا جارہا ہے۔