کرک: (سچ خبریں) خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے ہونے والے حملے میں 3 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہو گئے۔
خیبرپختونخوا پولیس سینٹرل آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے کرک کے علاقے بہادر خیل میں ایک چیک پوسٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش میں ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے چاروں طرف سے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چیک پوسٹ پر موجود پولیس اہلکاروں نے 2 گھنٹے تک دہشت گردوں کا مقاملہ کیا جس کے نتیجے میں بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہباز الٰہی کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو کرک ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں سے 3 زخمیوں کو مزید علاج کے لیے پشاور بھیج دیا گیا۔
شہید پولیس اہلکاروں تیمور حیات، نقیب اور عدنان کی نماز جنازہ آج صبح کرک پولیس لائنز میں ادا کی گئی۔
اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید، کوہاٹ ریجنل پولیس آفیسر عباس مجید، کمشنر کوہاٹ موتسم بلاللہ، ڈپٹی کمشنر کرک شکیل جان اور دیگر سول افسران بھی موجود تھے۔
آئی جی ذوالفقار حمید نے سوگوار خاندان سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، شہید پولیس اہلکاروں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو بھیج دی گئی ہیں۔
آئی جی ذوالفقار حمید نے آج صبح کرک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور دشمن کے حملے کو ناکام بنایا۔
بزدل دہشت گرد اس چیک پوسٹ کا محاصرہ کرنا چاہتے تھے، اس پر قابو پانا چاہتے تھے اور ہمارے اہلکاروں پر قبضہ کرنا چاہتے تھے۔ تاہم دہشت گرد اپنی کوششوں میں ناکام رہے اور فرار ہوگئے۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کی اچھی دیکھ بھال کرے گی اور دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی۔
میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے آئی جی حمید نے کہا کہ دہشت گرد جہاں کہیں بھی چھپے ہوں پولیس انہیں تلاش کرے گی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے گی، اس مقصد کے حصول کے لئے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے۔
آئی جی نے کرک ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور وہاں موجود ڈاکٹروں کو بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں آئی جی ذوالفقار حمید نے بہادر خیل چیک پوسٹ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے حملے کی منصوبہ بندی اور طریقہ کار کا جائزہ لیا، انہوں نے موقع پر موجود سینئر پولیس عہدیداروں کو بھی ہدایات جاری کیں۔
دریں اثنا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرک میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے فائرنگ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہم خیبرپختونخوا پولیس کے شہید افسران کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے۔