کراچی(سچ خبریں) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےتیزی سے کورونا کیسز بڑھنے پر تشویش کا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں تیزی سے کورونا کیسز بڑھنا پریشان کن ہے،صوبے میں کورونا مثبت کیسزکی شرح 8.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے، فروری 2021 میں 339 اور مارچ میں 151 اموات ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، ڈاکٹر عذرا، سعید غنی، ناصر شاہ اور دیگر شریک ہوئے۔وزیر صحت ڈاکٹر عذرا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.9 فیصد تک پہنچ گئی۔
سندھ میں کووڈ کے باعث جنوری 2021 میں 431 ، فروری میں 339 اور مارچ میں 151 اموات ہوئی ہیں جب کہ اپریل میں اب تک 72 مریض انتقال کرگئے۔اجلاس میں بتایاگیا کہ اس وقت کراچی میں 52 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں اور کراچی میں 531 وینٹی لیٹرز کی سہولت مختلف اسپتالوں میں موجود ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی اور حیدرآباد میں کیسز کا اس طرح بڑھنا پریشان کن ہے، جب تک لوگ خود احتیاط نہیں کریں گے تو کیسز بڑھتے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مزید 70 وینٹی لیٹرز کا شہر میں اضافہ کیا جارہا ہے، ہم نے سندھ میں اسپتالوں میں آلات اور سہولتوں میں کافی اضافہ کیا ہے۔