اسلام آباد (سچ خبریں) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی مصروفیات کے باعث آج کابینہ کا اجلاس منسوخ کردیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج کا دن بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ گزاریں گے جہاں وہ جوانوں سے خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج کا دن بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ گزاریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جوان جن کے عزم پہاڑوں سے بلند اور جذبوں میں سمندروں سے زیادہ وسعت ہے، وہ ہمارا فخر اور امان ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے یہ بیٹے مادر وطن کیلئےسربکف ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی وزیر اعظم عمران خان کی مصروفیات کے باعث کابینہ کا اجلاس نہیں بلایا گیا تھا۔وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے فرینٹر کور (ایف سی) ہیڈ کوارٹر نوشکی کا دورہ کیا تھا۔کمانڈنٹ ایف سی نے عبدالقدوس بزنجو اور صادق سنجرانی کے ہمراہ آئے وفد کو 2 فروری کے دہشت گردی کے واقعے پر بریفنگ بھی دی تھی۔